اسلام آباد:وزیراعظم عمران کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا،جس میں لاک ڈاؤن میں سختی یا مزیدنرمی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے تو دوسری طرف قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو رہا ہے جس میں ملک میں جاری لاک ڈاؤن سخت کرنے یا مزید نرمی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے،جس میں وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ اور عسکری و سول حکام شرکت کریں گے۔
عسکری حکام اور این ڈی ایم اے کے ماہرین ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اورکورونا کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات پر غور ہوگا۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں باہمی مشاورت سے لاک ڈاؤن میں نرمی یا مزید سختی کا فیصلہ کیا جائے گا،ٹرین سروس کو مزید فعال کرنے پر بھی مشاورت ہوگی،اجلاس میں این سی او سی کے فیصلوں کی توثیق ہوگی۔
اسد عمر کی زیرصدارت گزشتہ روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کا اجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن سے متعلق اہم سفارشات تیارکرلی گئیں۔
تجاویز کے مطابق،ملک بھر کے تمام شادی ہالز کھولنے چاہئیں تاہم ایس او پی کی پاسداری کرنا لازمی ہوگی ،شادی میں ون ڈش پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، شادی میں مہمانوں کی تعداد کو مختصر رکھا جائے۔
ریسٹورنٹس کھولنے سے متعلق تجویز پیش نہیں ہوئی تاہم ریسٹورنٹس میں ٹیک اوے سروس جاری رکھنے کی سفارش کی گئی۔
اسدعمرنےکہانو ماسک نوسروس پر عمل کرنا چاہیئے،یہ بھی کہا کہ سندھ اور بلوچستان اسمارٹ لاک ڈاؤن پرمتفق نہیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ کورونا کے ساتھ جینے کی شارٹ اور لانگ ٹرم پالیسیزپرکام جاری ہے۔