وزیراعلیٰ پنجاب کا مارکیٹوں اوربازاروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

اپ ڈیٹ 01 جون 2020 09:57am

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں،روز گار جاری رکھنا بھی ضروری ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد بھی، سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا،تاجر برادری بھی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرے۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ علاج و معالجے کیلئے اقدامات پر کاربند ہے،سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے،عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے کاروبار کی اجازت دی ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے،عوام کو مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا،جتنی احتیاط کریں گے اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے۔

Read Comments