Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نےٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر قومی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار کی اہم ملاقات ہوئی،ملاقات میں وزیراعظم کو کامیاب جوان پروگرام اور ٹائیگر فورس سے متعلقہ معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر قومی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا،ٹائیگرفورس سے کورونا وباء کے ساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے خدمات لی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان جلد رضا کار فورس کے نوجوانوں سے اہم خطاب کریں گےاور قومی رضا کاروں کو ممکنہ سیلابی صورت حال اور کلین اینڈ گرین مہم کیلئے بھی ٹاسک سونپا جائے گا۔
وزیراعظم ٹائیگر فورس کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کریں گےجبکہ احساس پروگرام کے تیسرے مرحلے کیلئے بھی نوجوانوں کو حکومت سے تعاون کا موقع دیا جائے گا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے بریفنگ میں بتایا کہ 1 لاکھ 65 ہزار رضا کاروں نے دی گئی ذمہ داریوں کو سر انجام دیا، پنجاب سے 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد نوجوانوں نے سرگرمیوں میں حصہ لیاجبکہ خیبرپختونخواسے 1 لاکھ 24 ہزار نوجوانوں نے حکومت کی معاونت کی، زیادہ تر نوجوانوں کی تعداد پڑھے لکھے افراد پر مشتمل ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان رضا کار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے ،نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھرپور موقع دیا جائے۔