رمضان شوگر مل کیس:فرد جرم عائد کرنے کیلئے شہباز اور حمزہ 11جون کوطلب

اپ ڈیٹ 05 جون 2020 10:54am

لاہور :احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 11 جون کو طلب کرلیا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری نے رمضان شوگر مل کیس پر سماعت کی۔

عدالت نے  سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزداے حمزہ شہباز کو  11 جون کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کی۔

شہبازشریف کیخلاف آشیانہ ہاوسنگ اسکینڈل کیس میں عدالت نے شہباز شریف کے شریک ملزم  شاہد محمود کے پیش نہ ہونے پر ورانٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔

عدالت نے آشیانہ ریفرنس کے زیر حراست دیگر ملزمان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 11جون تک ملتوی کردی۔

عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو آئندہ سماعت پر ہر حال میں عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

دوسری جانب حمزہ شہبازکیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ سکینڈل کیس میں احتساب عدالت نے  آئندہ سماعت پر  نیب سے  ریفرنس کے متعلق رپورٹ طلب کرلی اور سماعت 18جون تک ملتوی کردی۔

Read Comments