لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے دورہ انگلینڈ کیلئے یونس خان کوقومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقررکردیا جبکہ مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈکیلئے تجربہ کاریونس خان ٹیم کے بیٹنگ کوچ تعینات کردیئے گئے جبکہ مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچ مقرر کردیئے گئے۔
پی سی بی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کےسب سے کامیاب بیٹسمین اورسابق کپتان یونس خان کوبیٹنگ کوچ مقررکرنے فیصلہ ٹیم کی کارکردگی مزید بہترکرنے میں معاون ثابت ہوگا، انگلینڈ کیخلاف یونس خان کا ریکارڈ شاندار ہے۔
چیف ایگزیکٹیوپی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یونس خان کے کام کرنے کے اصول، میچ کی تیاری کا عزم اورانگلش کنڈیشنز میں کھیل کی آگاہی اور حکمت عملی پر مکمل عبورٹیم کیلئےقیمتی ثابت ہوگا۔
یونس خان کا کہنا ہے کہ ان کیلئے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اورانگلینڈ کے مشکل دورے میں ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا ان کیلئے اعزازہے۔