شہباز شریف کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر بے چینی کا اظہار

اپ ڈیٹ 10 جون 2020 11:06am

لاہور:مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر بے چینی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی تاحال عدم واپسی مجرمانہ لاپرواہی اور قابل مذمت ہے،وزیراعظم اور وزیر خارجہ بیان دے کر بھول جاتے ہیں ،بیرون ملک سفارتخانوں کے عدم تعاون کی شکایات عام ہیں۔

شہباز شریف نے سوال کیا کہ عید الفطر سے قبل تمام پاکستانیوں کی واپسی کے اعلان کا کیا ہوا؟ زائد کرائے کیوں وصول کئے جارہے ہیں؟ ۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی وطن واپسی کیلئے وزیراعظم، وزیرخارجہ اور سفارتخانوں کی سفارشیں ڈھونڈنے پر مجبور ہیں۔

شہباز شریف کا مزیدکہنا تھا کہ تقریر، بیان اور دعوے چھوڑیں، حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کی عملی مدد کرے اور ان کی واپسی کا واضح پلان اور تاریخ کا اعلان کیا جائے۔

Read Comments