شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار، خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا

اپ ڈیٹ 11 جون 2020 11:09am

اسلام آباد:مسلم لیگ (م)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حذب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے،جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ،سابق وزیرداخلہ احسن اقبال اور ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی  کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف میں کورونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے صدر  شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آ گیا ، جس کے بعد انہوں نے خود کو اپنی رہائش گاہ پر آئسولیٹ کرلیا۔

مسلم لیگ ن کے پارٹی کے ڈپٹی  سیکریٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا،قوم سے ان کی صحت کیلئے دعاؤں کی اپیل ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ  شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش بھی کی،9 تاریخ کو نیب کی پیشی کے علاوہ انہوں نے کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے۔

ڈپٹی  سیکریٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ  اگر  شہباز شریف کو کچھ ہوا تو وزیراعظم  اور نیب ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری اور مریم اورنگزیب کی والدہ کا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے۔

Read Comments