اسلام آباد ہائیکورٹ کا ملک بھر میں چینی 70 روپے فی کلو بیچنے کا حکم

شائع 11 جون 2020 11:00am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے  ملک بھر میں عام آدمی کیلئے چینی70 روپے فی کلو بیچنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

شوگر ملز ایسویس ایشن کے وکیل علی خان نے عدالت کے روبرو اپنے دلائل میں کہا کہ کمیشن نے اپنے ٹی او آر سے باہر جاکر کارروائی کی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہاں پر مفاد عامہ کا سوال سامنے آیا ہے لیکن یہ سوال کسی نے اٹھایا ہی نہیں،جس مقصد کیلئے کمیشن بنا تھا وہ ایڈریس ہی نہیں ہوا، شوگر انکوائری کمیشن کو عام آدمی کو چینی کی سہولت فراہمی کیلئے کچھ کرنا تھا لیکن نہیں کیا،  2سال میں چینی کی قیمت53 سے 85 روپے فی کلو ہوگئی، چینی غریب آدمی کی ضرورت ہے وہ ایسے فیصلوں سے کیوں متاثر ہو رہا ہے؟  ۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ کمیشن نے عام آدمی کی سہولت کیلئے کوئی فائنڈنگ نہیں دی،چینی ایک مزدور کی ضرورت ہے اور وہ کوکا کولا پر سبسڈی دے رہے ہیں،عام آدمی کو بنیادی حقوق کیوں نہیں دے رہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہم حکومت کو نوٹس کرکے پوچھ لیتے ہیں لیکن آپ اس وقت تک 70 روپے کلوچینی بیچیں، آپ کو شرط منظور ہے تو ہم آئندہ سماعت تک حکومت کو کارروائی سے روک دیتے ہیں۔

 اس حوالے سے چیف جسٹس  نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار بھی کیا کہ کیا وفاق عدالت کے آپشن کی مخالفت کرے گا، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت اس کی مخالفت نہیں کریں گی۔

عدالت نے آئندہ سماعت تک ملک بھر میں عام آدمی کیلئے چینی 70 روپے بیچنے کا حکم دیتے ہوئے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے حق میں مشروط حکم امتناع جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کو کیس 10 روز کے بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری داخلہ،  معاون خصوصی مرزا شہزاد اکبر ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔

Read Comments