حکومت مالی سال 21-2020 کا بجٹ کل پارلیمنٹ میں منظوری کےلئے پیش کریگی

شائع 11 جون 2020 01:29pm

وفاقی حکومت تقریباً 74کھرب روپے بجٹ تخمینہ پارلیمنٹ میں منظوری کےلئے کل پیش کرنے جا رہی ہے۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 5سے10فیصد تک اضافے پرغور کیا جا رہا ہے۔

نئے مالی سال 2020-21 کے بجٹ کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں۔حکومت کل تقریباً 74کھرب روپے بجٹ تخمینہ پارلیمنٹ میں منظوری کےلئے پیش کرے گی۔49کھرب 50ارب روپے تک کا ٹیکس وصولیوں کا ہدف رکھے جانے کا امکان  ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 5سے 10فیصد تک اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔انسداد کورونا کےلئے 70 ارب روپے کے خصوصی منصوبے بھی بجٹ تجاویز میں شامل ہیں۔تجارتی خسارے کا ہدف 7.1 فیصد  اور  کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے کا ہدف 1.6 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ 1250ارب سے بڑھا کر 1400ارب روپے کئے جانے اور آئندہ مالی سال میں سبسڈی کو مزید ٹارگٹڈ بنانے کی تجویز دی گئی ہے ۔جبکہ وفاقی حکومت کے اخراجات 495 ارب روپے رہیں گے۔

Read Comments