تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ،وفاقی کابینہ کی بجٹ تجاویزکی منظوری

اپ ڈیٹ 12 جون 2020 11:43am

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا تاہم بجٹ تجاویز کی اصولی منظوری دے دی گئی،وزیراعظم نے بجٹ دستاویزات پر دستخط بھی کر دیئے۔

دل کے ارمان آنسوؤں میں بہہ گئے، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی امید ناامیدی میں بدل گئی، رواں سال  تنخواہوں اور پنشن میں ایک روپے تک اضافہ نہیں ہوگا، وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بجٹ سال 21-2020کیلئے بجٹ دستاویزات کی منظوری دے دی گئی۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں آئندہ مالی سال کا بجٹ تخمینہ پیش کیا گیا  ۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وفاقی کابینہ کو سالانہ میزانیہ کے خدو خال سے آگاہ کیا ۔

وفاقی کابینہ نے  بجٹ تجاویز برائے سال 2020- 21 اور ٹیکس تجاویز کے پیکیج کی اصولی منظوری دی۔

ذرائع کے مطابق تنخواہوں اور پنشن کو گزشتہ سال کی شرح پر رکھا جائے گا جبکہ  نان فائلر کیلئے ٹیکس شرح میں اضافہ کی تجویز منظور کر لی گئی ہے ۔

 کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، کابینہ سے منظوری کے بعد وزیراعظم نے بجٹ دستاویزات پر دستخط بھی کر دیئے ۔

 بجٹ تجاویز کو آج قومی اسمبلی اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا،وفاقی وزیر حماد اظہر بجٹ پیش کریں گے، بجٹ دستاویزات کے مطابق وفاقی بجٹ کا حجم 74 کھرب روپے رکھا گیا ہے۔

Read Comments