پنجاب حکومت کا لاہور کے کئی علاقوں کو کل سے بند کرنے کا اعلان

شائع 15 جون 2020 11:00am

لاہور:پنجاب حکومت نے کورونا کی روک تھام کیلئے لاہور کےکئی علاقوں کو کل رات 12 بجے سے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

محکمہ صحت پنجاب نےکورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر بڑا فیصلہ کرلیا ، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور کے 8 سے زائد علاقے سیل کرنے کا اعلان کردیا ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا ایوان وزیرا علیٰ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاہور میں کورونا کی لوکل ٹرانسمیشن پھیل گئی ہے،جس سےکیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث  متاثرہ علاقوں کو کل سے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،کل 12بجے کےبعدزیادہ کیسزوالےعلاقے بندکردیئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا مزیدکہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کو 15 روز کیلئے بند کیا جائے گا،متاثرہ علاقوں میں شاد باغ، مزنگ، شاہدرہ اور ہربنس پورہ کے علاقے شامل ہیں جبکہ نشتر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن کے کچھ علاقے بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ تاہم اس دوران ان علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔

 صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق کورونا کے حوالے سے لاہور ان کیلئے مسئلہ بنا ہوا ہے،جس پر بروقت قابو پانے کیلئے اقدام اٹھایا ہے ، ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو مزید علاقوں کو بند کرنا پڑے گا۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ لاہور کے متعدد علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا، جوہر ٹاؤن کے علاقے میں 388  اور  واپڈا ٹاؤن کے علاقوں میں 200 سے زائد کیسز ہیں۔

یاسمین راشد نے مزید کہا کہ  لاہور کے متعدد علاقوں میں کورونا متاثرین کی تعداد بہت زیادہ ہے اور شہر دیگر علاقوں کی بھی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔

وزیر صحت پنجاب نے ہدایت کی کہ عوام ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے، حکومت کی طرف سےواضح کی گئی حکمت عملی پرعوام عمل کریں،صرف ماسک کے استعمال سے 50 فیصد تک وبا کے پھیلاؤ کو  روکا جا سکتا ہے۔

وزیرصحت یاسمین راشید نے مزید کہا کہ افسوس ہوتا ہے جب ہمارا موازنہ نیوزی لینڈ جیسے ملک سےکیاجاتا ہے ،کورونا کےہرمریض کو وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہوتی،2دن پہلےینگ ڈاکٹرز کےنمائندے میرے پاس آئےہوئےتھے،انہوں نےمجھ سےکہاکہ ان کو سب سہولت میسرہیں۔

Read Comments