سندھ کا آئندہ مالی سال 21-2020کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا

اپ ڈیٹ 16 جون 2020 10:56am

کراچی :سندھ کا آئندہ مالی سال 21-2020کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا،بجٹ کا حجم 12کھرب 30ارب روپے کے لگ بھگ ہونے کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آئندہ مالی سال کیلئے 12کھرب 30ارب روپے سے زائد کا صوبائی بجٹ کل پیش کریں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر بجٹ میں صحت کے شعبے کو خاص ترجیح دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ،بجٹ میں ترقیاتی پروگرام میں 25سے 30فیصد کٹوتی کا امکان ہےجبکہ صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں 160 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

سندھ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5فیصد اضافہ کئے جانے کا امکان ہے،تعلیم کیلئے 190ارب روپے رکھے جانے کی تجویزہے۔

صحت کے شعبے کیلئے 110ارب روپےغیرترقیاتی منصوبوں پرجبکہ صحت کے ترقیاتی سیکٹر میں 25ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، صحت کے 45نئے منصوبوں کیلئے 17ارب 70کروڑ روپے کا فنڈ مختص کرے گی۔

آئندہ سال 5انفیکشن ڈزیز کنٹرول اسپتال حیدرآباد، سکھر،  لاڑکانہ،  بے نظیرآباد  اور میرپور خاص میں  قائم  کئے جائیں  گے،200بیڈز پر مشتمل فی اسپتال کیلئے10ارب مختص کرنے کی تجویز ہے۔

سول اسپتال کراچی میں گودام بنانے اور سندھ کے ضلع گھوڑا باری میں 30کروڑ روپے سے ٹی ایچ کیو اسپتال تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔

 کراچی میں قائم سرکاری اسپتالوں کیلئے 50کروڑ روپے کی رقم مختص ہونے کا امکان ہےجبکہ صوبائی محکموں کے اخراجات میں کمی کا امکان ہے۔

غیرملکی دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی30فیصد کمی متوقع ہے،زرعی شعبے کیلئے بجٹ میں مراعاتی پیکیج کی تجویز دی گئی ہے۔

Read Comments