Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 جون 2020 10:56am

بھارت پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی ہندتوا پالیسیوں کے سبب پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے، عالمی برادری بھارتی رویے کا نوٹس ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت  قومی سلامتی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں  معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور اعلیٰ عسکری حکام  نے شرکت کی۔

وزارت خارجہ میں ہونے والے اجلاس میں  قومی سلامتی،علاقائی استحکام اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

اجلاس  سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، بھارت کی جانب سے لاین آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارت  اپنی ہندتوا پالیسیوں کے سبب پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے، جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیئے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارتی حکام کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ہندوستان کی بوکھلاہٹ واضح ہو چکی ہے ، بھارت سرکار اپنی داخلی صورت حال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے گھناؤنے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ،پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔

Read Comments