دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس آپریشن تیز کرنیکی ہدایت

شائع 14 مارچ 2016 02:27pm

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر سے دہشتگردوں کی آماجگاہوں کے مکمل خاتمے کیلئے انٹیلی جنس آپریشنزتیز کیے جائیں ، سرحدی انتظام اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں مستحکم بنا کر ریاستی عملداری یقینی بنائی جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی ،کانفرنس کے شرکاءنے ملک کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز،پیشہ وارانہ امور، بین التزویراتی ماحول اوراِس کی روشنی میں ملکی سلامتی کا بغور جائزہ لیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈر ز کو ہدایت کی کہ ملک بھرسے دہشتگردوں کی آماجگاہوں کے مکمل خاتمے کیلئے انٹیلی جنس آپریشنزتیزکیے جائیں ،آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کومستحکم بنانے کیلئے قبائلی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانا ہوگا،سرحدی انتظام اور آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردوں سے پاک علاقوں میں ترجیحی نگرانی کا اصول اپنا کر ریاستی عملداری کو یقینی بنائی جائے۔

Read Comments