ڈینگی کا سیزن شروع ہوا تو پنجاب میں مرض سے بچاو اور آگاہی کے لیے مہم کا آغاز ہو گیا لیکن نیا انداز اپناتے ہوئے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی آواز میں ڈینگی سے پاک پاکستان گانا بھی لانچ کردیا۔
راحت فتح علی خان کی آواز میں یہ گانا ڈینگی بخار سے آگاہی کے لیے ہے،پنجاب حکومت نے مورٹین اور آر بی این جی او کے تعاون سے صوبے بھر میں ڈینگی سے بچاو کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔افتتاحی تقریب کے دوران بتایا گیا کہ پوسٹرز،پمفلٹس،اسکول،کالج اور گھر گھر جاکرآگاہی مہم تو جاری رہے گی لیکن اس مہم کا نیا انداز مرض سے چھٹکارہ پانے کیلئے ایک پیغام ہے جسے موسیقی میں ڈھالا گیا ہے۔
گانے میں نامور اور مشہور اداکاروں نے حصہ لیا ہے،پراجیکٹ کے مارکیٹنگ ہیڈ عمیر عالم کا کہنا ہےکہ یہ گانا ہر شہری کو مرض سے چھٹکارہ دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔تقریب کے دوران طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر ہر شہری صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا شروع کردیں تو ڈینگی سمیت متعدد بیماریوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔