حامد کرزئی کے پاکستان مخالف بیانات افسوس ناک ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2016 05:01pm

اسلام آباد:دفترخارجہ نے کہا ہے کہ طالبان کی طرف سے انکار کے باوجود افغان حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کہتے ہیں فریقین کو مذاکرات پرلانا چارملکی رابطہ گروپ میں شامل تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ چارملکی رابطہ گروپ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اور افغان حکومت کو مذاکرات پر آمادہ کرنا چاروں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ حامد کرزئی کے بھارت میں پاکستان مخالف بیانات افسوس ناک ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ویژن کے مطابق پاکستان خطے میں مکمل امن چاہتا ہے۔پاکستانی قوم اتفاق رائے سے دہشت گردی کے خطے کے لئے پرعزم ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کسی امتیاز کے بغیر کارروائیاں جاری ہیں۔

نفیس زکریا نے کہا کہ دہلی میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کے کولکتہ میں میچ دیکھنے کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکوبلا کرہم نے مایوسی کا اظہارکیا تھا۔

Read Comments