ایتھنز:ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے یونان میں پناہ گزینوں کے عارضی کیمپوں کا دورہ کیا۔یونان میں شامی پناہ گزینوں کی خوشیوں کا اس وقت ٹھکانہ نہ رہا جب انجلینا جولی ان کے درمیان پہنچ گئیں۔
مہاجرین کی بڑی تعداد ہالی ووڈ اداکارہ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہو گئی اور ان کا تالیوں کی گونج میں بھرپور استقبال کیا۔انجیلینا نے ایتھنز کے قریب پیراوٴس میں واقع اقوام متحدہ کے مہاجرین کیمپ کا دورہ کیا جہاں چار ہزار شامی پناہ گزین رہائش پذیر ہیں۔
انجیلینا کا کہنا تھا کہ میں یہاں آپ کے درمیان موجود ہوں اور میں آپ سے اور اعلی حکام سے حالات حاضرہ پر بات چیت کیلئے آئی ہوں، آپ ان حالات میں مضبوط رہنے کی کوشش کریں۔
اس سے قبل انجلینا نے لنبان کی وادی بقا میں قائم اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کے کیمپوں کا بھی دورہ کیا تھا۔یونان میں اس وقت جنگ زدہ علاقوں سے آئے ہوئے تینتالیس ہزار مہاجرین پھنسے ہوئے ہیں جن میں بڑی تعداد شامی پناہ گزینوں کی ہے۔