حکومت نے سابق صدر کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2016 05:55pm

اسلام آباد: حکومت نے سابق صدر مشرف کوعلاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی، وزیر داخلہ کا کہنا ہے سابق صدر نے علاج کے بعد وطن واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے، اور فیصلے کے پیچھے کسی کا اثر رسوخ نہیں۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار نے یہ اعلان میڈیا کے سامنے آکر خود کیا اور کہا سابق صدر نے واپس آنے کا بھی یقین دلایا ہے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا فیصلے کے پیچھے کسی کا اثر و رسوخ نہیں ہے۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ سابق صدر گزشتہ رات کو جانا چاہتے تھے، لیکن حکومت نے واضح طور پرانہیں بتادیا تھا کہ وہ اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جاسکتے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا جس وقت مشرف کو گارڈ آف آنر دیا گیا اس وقت بھی ان پر بے نظیر کے قتل کے حوالے سے الزامات تھے۔چوہدری نثار کے مطابق بعض لوگ حکومت اور نواز شریف پر ذاتی عناد کا الزام لگاتے رہے جو درست نہیں ہے۔

Read Comments