مشرف کےناقابل ضمانت وارنٹس پر سماعت 28 مارچ تک ملتوی

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2016 07:37am

اسلام آباد :اسلام آباد ہائیکورٹ میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹس پرسماعت اٹھائیس مارچ تک ملتوی کردی گئی ۔عدالت نے ملزم کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق عدالتی فیصلے کی کاپی اور نوٹیفکیشن طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں جاری ہونے والے پرویز مشرف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ پرویز مشرف سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دبئی روانہ ہو گئے ہیں۔

اس پر عدالت نے ملزم کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی اور وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کی کاپی طلب کرتے ہوئے سماعت اٹھائیس مارچ تک ملتوی کر دی۔ پرویز مشرف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر مزید سماعت بھی اسی روز ہو گی ۔

Read Comments