کراچی:پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد ہلاک

شائع 19 مارچ 2016 06:10am

کراچی :کراچی کے علاقے محمود آباد کشمیرکالونی اور منگھوپیر میں پولیس مقابلے میں خودکش بمبار سمیت کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ،دستی بم اور دیگراسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلا ت کے مطابق کراچی میں محمود آباد کے علاقے کشمیر کالونی میں حساس اداروں کی نشاندہی پر پولیس نے رات گئے کارروائی کی، پولیس جونہی علاقے میں داخل ہوئی تو دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، دستی بم اور دیگراسلحہ برآمد کرلیا گیا، دوسری جانب منگھو پیر کے علاقے غازی گوٹھ میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلہ ہوگیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت مہتاب اور رشید کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ جبکہ دونوں دہشتگرد کریکرحملوں ، اغوا اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

Read Comments