بلوچستان :ایف سی کی کارروائی،چار شرپسند ہلاک ،اسلحہ برآمد

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2016 05:54pm

کوئٹہ :ایف سی، حساس ادارے اور پولیس نے ڈیرہ مراد جمالی،کوئٹہ اور تربت کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران چار شرپسندوں کو ہلاک کیا گیا۔کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں اکیس افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

بلوچستان میں شدت پسندوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے چتر میں کارروائی کرتے ہوئے ایف سی نے چار شرپسندوں کو ہلاک کردیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں تیرہ شرپسندوں کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔کارروائی کے دوران شرپسندوں کے تین ٹھکانے بھی تباہ کردیے۔

ایف سی نے دوسری کارروائی تربت میں کی، کارراوئی کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، خفیہ اطلاع پر ایف سی اور پولیس نے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں جوائنٹ آپریشن کرتے ہوئے تین شرپسند گرفتار کرلیے جبکہ بڑی تعداد مین اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

Read Comments