کسان پیکج پٹواریوں کی نذر ہوگیا ،پرویز الہی

شائع 20 مارچ 2016 02:35pm

لاہور :مسلم لیگ قاف پنجاب کے صدر پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف آتے جاتے رہیں گے،آرٹیکل سکس کا مقدمہ چلانے والے بتائیں کہ اچانک انہیں کیا ہو گیا۔ بڑھکیں مارنے والے وفاقی وزراءاب خاموش کیوں ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ دو سو ارب کا کسان پیکج پٹواریوں کی نذر ہوگیا،پورے پنجاب کے کسان رو رہے ہیں۔ زراعت کو نظر انداز کر کے ملکی معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے جہاز کو ہائی جیک کیا گیا تھا،مہربانی تو انہوں نے کی کہ شریف برادران کا تحریری معافی نامہ قبول کیا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ہمیشہ بھارت سے جیتی ہے،کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے،مگر جتنی شان سے قومی ٹیم ہاری ایسے کوئی نہیں ہارتا۔مسلم لیگ قاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان سمیت تمام رہنما بھارت کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے کوئی سازش کرنے نہیں۔

Read Comments