Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔گوجرانوالہ میں پانچ ہزار نواسی امیدواروں میں انیس نومبر کو گھمسان کا رن پڑے گا۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا راوٴنڈ شروع ہوتے ہی امیدواروں نے اپنی کمر کس لی ہے ،شہ زوروں کے شہر میں میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کی ایک سو چھیاسٹھ یونین کونسلز اور سات میونسپل کمیٹیوں کے امیدواروں میں تگڑے مقابلوں کا طبل بج گیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضلع بھر سے چوبیس لاکھ اکیس ہزار چار سو بہتر مرد اور خواتین ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے اٹھارہ سو سات پولنگ اسٹیشنز اور چار ہزار نو سو چھتیس پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔بلدیاتی الیکشن کے اس دلچسپ معرکے میں ضلع بھر سے تین خواتین بھی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشست پر الیکشن لڑ رہی ہیں جبکہ اٹھارہ اقلیتی امیدوار بھی میدان میں ہیں۔بلدیاتی اکھاڑے میں جہاں سیاسی پارٹیوں نے اپنے اپنے تگڑے پہلوان میدان میں اتارے ہیں، وہیں آزاد امیدوار بھی مخالفین کو چت کرنے کے داوٴ پیچ لڑانے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔