چارکمپنیوں کوملاوٹ کرنے پرجرمانہ کیا ہے،وزیرپٹرولیم

شائع 24 مارچ 2016 10:10am

اسلام آباد:وزیرپٹرولیم نے انکشاف کیا کہ پی ایس او سمیت ملک کی چار بڑی آئل کمپنیوں کو ملاوٹ پر جرمانے کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران ملک بھرمیں ایک کھرب سات ارب مکعب فٹ گیس چوری ہوئی اور سب سے زیادہ خیبرپختو نخواہ میں چوری ہوئی ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرایازصادق کی زیرصدارت جاری ہے وزیرپیٹرولیم نے تحریری جواب میں انکشاف کیا کہ بڑی آئل کمپنیاں پیٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کرتی رہی ہیں ،دوہزار چودہ اور پندرہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ پرچار کمپنیوں کوجرمانے کئے گئے ۔

ملاوٹ ثابت ہونے پر ہیسکول آئل کمپنی کوبیس لاکھ روپے ، پاکستان ریفائنری کو دس لاکھ، بائیکوآئل کمپنی کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ پی ایس او کوپٹرولیم منوعات میں ملاوٹ کرنے پرایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

وزیرپٹرولیم نے گزشتہ تین سال کے دوران گیس چوری کی تفصیلات بھی قومی اسمبلی میں پیش کی گیں ، دو ہزار تیرہ سے پندرہ تک ملک بھرمیں ایک کھرب سات ارب مکعب فٹ گیس چوری ہوئی۔

سب سے زیادہ چوالیس ارب ستانوے کروڑ مکعب فٹ گیس خیبرپختونخوا میں چوری ہوئی۔ پنجاب میں بتیس ارب اکہتر کروڑمکعب فٹ سندھ میں اٹھائیس ارب اکیس کروڑ اوربلوچستان میں ایک ارب سترہ کروڑ مکعب فٹ گیس چوری ہوئی ۔

Read Comments