کراچی: سندھ رینجرز کی کارروائی، بڑی تعداد میں اسلحہ بر آمد

شائع 27 مارچ 2016 06:58am

کراچی:سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے باغ کورنگی میں عسکری ونگ کے سابق سیکٹر انچارج کے گھر پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے بدنام زمانہ ملزم کامران عرف کالا بچہ کو پکڑ لیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق پہلے سے گرفتار شخص کی نشاندہی پر عسکری ونگ کے سابق سیکٹر انچارج کے گھر پر چھاپا مارا گیا۔ چھاپے کے دوران اسلحے کی بڑی کھیپ ہاتھ لگی،جس میں ایک ایل ایم جی، پندرہ ایس ایم جیز اور ہزاروں راوٴنڈز شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ اسلحہ شہر میں بد امنی کی بڑی کارروائی کے لیے چھپایا گیا تھا۔کارروائی کے دوران مزید دو ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بھنگوریہ گوٹھ عزیز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث کامران عرف کالا بچہ کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم شہر کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے، کامران عرف کالا بچہ سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔

Read Comments