نئی دہلی:بھارتی پولیس افسر نے انکشاف کیا ہے کہ پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے سے قبل تین الرٹ جاری کئے گئے تاہم بھارتی فورسز حملہ روکنے میں ناکام ہوگئیں۔
بھارتی سینئر پولیس افسر نے انکشاف کیا ہے کہ پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملے سے قبل تین الرٹ جاری کیے گئے تاہم پھر بھی حملہ نہ روکا جا سکا۔ یہ انکشاف ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس پنجاب روہت چوہدری نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ایک خط میں کیا۔ خط پچیس جنوری کو لکھا گیا تھا، خط میں بتایا گیا کہ انٹیلی جنس بیورو نے پٹھان کوٹ حملے سے ایک ماہ قبل ائیر بیس کے قریب پہاڑ پور کے علاقے میں چار دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع دی۔ یہ اطلاع انٹیلی جنس بیورو نے دی تھی تاہم دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے فوج اور بی ایس ایف نے باہمی طور پر کوئی ایکشن پلان نہیں بنایا، بعد میں انہی دہشتگردوں نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر کامیاب حملہ کیا۔
روہت چوہدری اس وقت پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امن و امان تھے تاہم بعد میں ان کا تبادلہ ریلوے میں کردیا گیا۔ روہت چوہدری نے پٹھان کوٹ حملے سے پانچ ماہ پہلے گرداسپور ریلوے ٹریک پر نصب بم کو ناکارہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔