بھارت پاکستان کوغیرمستحکم کرنا چاہتا ہے،خورشید شاہ

شائع 28 مارچ 2016 09:04am

سکھر:اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتے ہیں سانحہ لاہور دہشتگردی کا المناک واقعہ ہے،جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،بھارت پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن ملک تھا،اسے دہشت گردی کی آگ میں جھونکا گیا، لاہور سانحہ دہشتگردی کا المناک واقعہ ہے جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ لاہور سانحہ کے پیچھے را ملوث ہے مگر یہ بات واضح ہے کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے معاملے پر حکومت پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے، انہوں نے گزشتہ روز ریڈ زون میں مشتعل افراد کے داخل ہونے پر وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ جدید دور میں دہشت گردوں تک پہنچنا ناممکن ہے، حکومت دہشتگردی کی روک تھام کیلئے تیزی سے کام کرے۔

Read Comments