حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئی،عمران خان

شائع 28 مارچ 2016 12:31pm

لاہور:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئی،وقت آگیا ہے کہ تمام صوبوں میں دہشت گردوں کے خلاف یکساں آپریشن کیا جائے۔

لاہور کے جناح اسپتال میں گلشن اقبال پارک دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور بم دھماکے میں بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔اسلام کا نام استعمال کرکے دہشت گردی کرنے والے ملک کے دشمن ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی،وقت آ گیا ہے کہ تمام صوبوں میں دہشتگردوں کا تعاقب کیا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے پولیس کی اصلاح کی ضرورت ہے۔پولیس کو سیاست کی بجائے پروفیشنل کام کے لیے استعمال کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے حملے لوگوں کو اسلام سے دور رکھنے کی کوشش ہیں۔

Read Comments