پنجاب کے مختلف اضلاع میں ن لیگ کا پلڑا بھاری

شائع 17 دسمبر 2015 04:44pm

لاہور:پنجاب کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے تین مراحل میں خالی رہ جانے والی نششتوں پر بھی مسلم لیگ نواز کا پلڑا بھاری رہا۔ جیت کی خوشی میں کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔

بلدیاتی انتخابات کے تین مراحل کے دوران، پنجاب کے اکیس اضلاع کی مختلف یونین کونسلز میں لڑائی جھگڑوں، پولنگ مٹیریل کی عدم ترسیل، اور متعلقہ امیدواروں کی وفات سے خالی رہ جانے والی نششتوں پر پولنگ کا عمل پرامن طور پر جاری رہا، البتہ ووٹرز کی عدم دلچسپی کے باعث ٹرن آوٹ انتہائی کم رہا۔ لاہور،اکاڑہ، ملتان، فیصل آباد ، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ سمیت کئی اضلاع میں حکمران جماعت کا پلڑا بھاری رہا۔

جیتنے والے امیدواروں کا کہنا ہے کہ علاقائی مسائل کی طرف توجہ دیں گے۔

پولنگ کے دوران امن و امان کی صوتحال کنٹرول میں رکھنے کے لئے پاک فوج اور پولیس کے دستے پولنگ اسیشنز کے باہر موجود رہے تاہم فیصل آباد کے یوسی ایک سو چوہتر کے وارڈ نمبر چھ میں خواتین سے مبینہ بدتمیزی کرنے پر ووٹرز نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

تشدد کے الزام میں پولیس نے موقع سے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔

Read Comments