ممبئی:بولی وڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کا شمار انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراﺅں میں ہوتا ہے اور اس کا ثبوت بھارت کا سب سے معتبر نیشنل ایوارڈ ہے جو انہیں تیسری بار ملا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت کو فلم تنو ویڈز منو ریٹنز کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا،اس حوالے سے کنگنا کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں تھا کہ میں یہ ایوارڈ جیت جاﺅں گی،ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ میری سالگرہ کا بہترین تحفہ ہے۔
اداکار امیتابھ بچن کو بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم پیکو کیلئے دیا گیا جبکہ سنجے لیلیٰ بھنسالی کو باجی راﺅ مستانی کیلئے بہترین ہدایتکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
بہترین فلم کا خطاب باہو بلی کے حصے میں آیا،بھارت کے دبنگ سلمان خان بھی پیچھے نہیں رہے اور بہترین پاپولر فلم بجرنگی بھائی جان کا یوارڈ لے اڑے ،بجرنگی بھائی جان کے ہدایتکار کبیر خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ایوارڈ حاصل کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔