شائع 29 مارچ 2016 03:38pm

یہ سبزیاں کھائیں اور خطرناک بیماریوں کو مات دیں۔۔

سبزیوں کے بارے میں تقریباََ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ یہ انسان کے لئے کتنی صحت بخش اور فائدہ مند ہوتی ہیں، اور عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ سبزیوں کا استعمال کرنے والے لوگ گوشت خور اور دیگر چیزیں استعمال کرنے واالوں سے زیادہ عمر پاتے ہیں۔سبزیوں سے زیادہ افادہ حاصل کرنے کے لئے ہمیشہ ان کو کم پکانا چاہئے تاکہ اس میں موجود اجزاء سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکے۔سبزیوں کا استعمال انسانی جسم میں پانی کی کمی کو بھی دور کرتا ہے اور سبزیوں سے ہمیں مختلف وٹامنز، لحمیات، پروٹین اور آئرن بھی حاصل ہوتا ہے اور ان تمام چیزوں کی ہمارے جسم کو اشد ضرورت ہوتی ہے۔آج ہم آپ کو سبزیوں میں موجود خصوصیات کے بارے میں بتائیں گے اور یہ بھی بتائیں گے کہ کونسی سبزی کے کیا فائدے ہیں۔

آلو

آلو ایک ایسی سبزی ہے جو تقریباََ ہر انسان کو پسند ہوتی ہے اور یہ ہر گھر میں استعمال ہوتا ہے،یہ وہ سبزی ہے جس کا استعمال ہر عمر کے انسان کے لئے مفید ہے۔آلو کا استعمال معدے کے ورم اور تیزابیت کو ختم کرتا ہے اور کمزور افراد کو آلو کا استعمال لازمی کرنا چاہئے کیونکہ آلو جوڑوں اور پٹھوں کے درد میں کافی مفید ہے۔

ٹماٹر

ٹماٹر کا استعمال سلاد میں زیادہ کیا جاتا ہے اور اس کو مختلف کھانوں میں بھی ذائقہ حاصل کرنے کی غرض سے استعمال کیا جاتا ہے۔ٹماٹر خون کی خشکی اور گندگی کو دور کرکے اس میں اضافے کا باعث بنتا ہے اس کے علاوہ ٹماٹر بھوک کو بڑھاتا ہے اور اس میں کھانے کو ہضم کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت ہوتی ہے۔

کریلا

کریلا ایسی سبزی ہے جو ذیابطیس کے مریضوں کے لئے نہایت مفید ہے کیونکہ کریلا پیشاب اور خون میں سے شوگر کی مقدار کو کم کرتا ہے۔ کریلا بخار کو بھی کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ پیٹ کے اندر موجود کیڑوں سے بھی مکمل نجات دلا دیتا ہے۔

چقندر

چقندر کا استعمال بھی زیادہ تر سلاد میں کیا جاتا ہے۔یہ ایک ایسی سبزی ہے جو وزن گھٹانے میں نہایت معاون ہے یہ چربی کو گھٹاکر انسان کو صحت مند وتوانا بناتی ہے۔چقندر کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کا استعمال انسانی جسم میں خون میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔چقندر کا استعمال کرنے والے خواتین و حضرات کے چہرے نہایت شفاف اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔

بینگن

بینگن کا استعمال دانتوں کی تکالیف میں بہترین غذا ہے اس کا استعمال السر کے مرض میں بھی کافی سود مند ہوتا ہے۔بینگن خون کو صاف کرتا ہے آئرن کی کمی دور کرتا ہے اور دل کے امراض سے بھی چھٹکارا دلاتا ہے۔یہ دمہ کے مریضوں کے لئے بھی کافی مفید ہے۔

گاجر

گاجربھی ایک ایسی سبزی جو سلاد میں استعمال ہوتی ہے اور اس کا سالن بھی بنایا جاتاہے۔گاجر کااستعمال جگر اور دماغ کو طاقت فراہم کرتا ہے گاجر میں وٹامن اے کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو ہڈیوں، ناخنوں اور جوڑوں کے درد میں راحت فراہم کرتا ہے۔گاجر کااستعمال بینائی کو تیز کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

پالک

پالک فولاد سے بھرپور ایک نہایت صحت بخش غذا ہے جس کے استعمال سے انسانی جسم میں فولاد کی کمی دور ہوجاتی ہے پالک کااستعمال ہڈیوں کی نشونما میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔پالک کا استعمال بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ بلڈ پریشر کو نارمل رکھنے کے لئے بہترین غذا ہے۔

بھنڈی

بھنڈی کا استعمال ڈپریشن اور جسمانی کمزوری کا خاتمہ کردیتا ہے،اس کے اندر موجود لیس سے جوڑوں کے درد سے مکمل نجات مل جاتی ہے۔ بھنڈی کا استعمال آنکھوں کی روشنی کو تیز کرتا ہے اور ان افراد کو تو اس کا ستعمال ضرور کرنا چاہئے جن کے جوڑوں میں درد ہو اور جسمانی کمزوری کا شکار ہوں کیونکہ بھنڈی میں ان کو دور کرنے کی ڈھیروں صلاحیت ہوتی ہے۔

Read Comments