اسلام آباد:دھرنے کے قائدین اورحکومت کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دورآج ہوگا

شائع 30 مارچ 2016 04:53am

اسلام آباد:اسلام آباد میں دھرنے کے قائدین اور حکومتی ٹیم کے درمیان خواجہ سعد رفیق کے گھر ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے، مذاکرات کا تیسرا دور آج پھرہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے قائدین،حکومتی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رات گئے مذاکرات کا دوسرا دور ہوا۔

مذاکرات کا دوسرا دور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے گھر پر ہوا جو بے نتیجہ ختم ہوگیا، مذاکرات کا تیسرا اور حتمی دور آج دن بارہ بجے پھر ہوگا۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے رہنما ڈاکٹر اشرف جلالی نے کہا کہ حکومت نے کچھ مطالبات ماننے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ کچھ مطالبات کے لیے مہلت مانگی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج مذاکرات کا حتمی دور ہوگا،حکومتی ٹیم کے ساتھ بات چیت میں کچھ پیش رفت سامنے آئی ہے، امید ہے کہ قوم کو جلد خوشخبری ملے گی۔

Read Comments