ممبئی:بھارت کے مشہور گلوکار یو یو ہنی سنگھ طویل بیماری کے بعد اب مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں،انہوں نے بیماری کے دوران اپنی زندگی میں آنے والے فرشتے کے بارے میں بھی بات کی۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں اپنی خوبصورت گلوکاری کے باعث شہرت رکھنے والے یو یو ہنی سنگھ نے بائی پولر ڈس آرڈر نامی بیماری کے باعث اٹھارہ ماہ کی گمشدگی کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اٹھارہ ماہ میری زندگی کے سب سے بُرے دن تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بائی پولر ڈس آرڈر ایک عام بیماری ہے جس کا شکار میری طرح کوئی بھی فرد ہو سکتا ہے لیکن اس بیماری سے باہر نکلنا میرے لئے بہت ضروری تھا اور اس میں میری مدد دہلی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر آلوک سرین نے کی،وہ میری زندگی میں فرشتہ بن کر آئے تھے۔
واضح رہے کہ ہنی سنگھ اب مکمل طور پر تندرست ہو چکے ہیں،اور اپنی آنے والی پنجا بی فلم زوراور کی شوٹنگ میں مصروف ہیں،ہنی فلم میں ایک سپاہی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔