اسلام آباد:دھرنے کیخلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل

شائع 30 مارچ 2016 09:24am

اسلام آباد :اسلام آباد میں دھرنے کے خلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،ڈنڈوں سے لیس تازہ دم دستے ڈی چوک میں موجود ہیں،قریبی عمارتوں کوخالی کرا لیا گیا،جبکہ ثروت اعجازقادری پرامید ہیں کہ تشدد کے بغیر معاملات طے پا جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے ڈی چوک پر چارروز سے جاری دھرنا ختم کرانے کیلئے حکومت نے آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں،ایف سی اور پنجاب پولیس کے تازہ دم دستے بھی ڈی چوک میں پہنچ چکے ہیں۔

پولیس نے کچھ دیر قبل پیش قدمی کی مگرایک بار پھر انہیں کارروائی سے روک لیا گیا ہے،سینیٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کو مقررہ وقت سے قبل ہی چھٹی دے کرعمارتوں کو خالی کرالیا گیا۔

ادھر ثروت اعجازقادری کا حکومتی ٹیم سے مذاکرات کیلئے روانگی کے موقع پر کہنا تھا کہ ہم پرامید ہیں آج حکومت سے بات چیت میں معاملات طے پا جائیں گے اورکسی تشدد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی رہائش گاہ پرحکومتی ٹیم اوردھرنا قائدین کے درمیان بات چیت چل رہی ہے، اور مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں کسی بھی وقت آپریشن کرکے ڈی چوک خالی کرا لیا جایئے گا۔

Read Comments