پاکستان نے سعودی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا

شائع 18 دسمبر 2015 05:13am

پاکستان نے سعودی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا، ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کے حامی ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف سعودی اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،اتحاد کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ان کامزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف علاقائی اور عالمی کوششوں کے حامی ہیں،پاکستان کے کردار کے حوالے سے سعودی عرب سے اضافی اطلاعات مانگی ہیں۔ترجمان دفترخارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہاکہ ہم اپنی پوزیشن واضح کر چکے ہیں، پاکستان اتحاد کو خوش آئند سمجھتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اس اتحاد کا حصہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادیں بھی اس بات پر زور دے چکی ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کوششیں کی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ امن و ترقی کے لیے پاک بھارت مذاکرات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔قاضی خلیل اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ مفادات کیلئے الزام تراشی کی بجائے تعاون کر رہے ہیں، پاکستان،افغانستان،امریکا اور چین مل کر افغان مفاہمتی عمل کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔

Read Comments