سانحہ گلشن پارک: زخمیوں کا طبی امداد کا سلسلہ جاری

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2016 10:20am

لاہور :سانحہ گلشن اقبال پارک کے ایک سو اٹھائیس زخمیوں کا مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد کا سلسلہ جاری ہے،جن میں تیرہ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔تاہم مریضوں اور انکے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے ایسے واقعات سے انکو ڈرایا نہیں جاسکتا۔

گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے نے چوہتر گھر اجاڑ دئیے ہیں۔جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں تاحال ایک سو اٹھائیس زخمی زیرعلاج ہیں ،جناح ہسپتال میں ستاون،شیخ زید میں تینتیس،جنرل اور سروسز میں دس، دس،گنگارام میں سات اور میو میں تین زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔سرکاری ہسپتال میں این جی اوز اور نجی سکولوں کی جانب سے مریضوں کیلئے دعائیہ کارڈز اور پھول بھیجنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق سرکاری ہسپتال میں اس وقت تیرہ مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔لیکن مشکل حالات میں بھی مریضوں اور ان کے رشتے داروں کے حوصلے بلند ہیں۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گہرے زخموں والے مریضوں کی صحت یابی میں وقت لگے گا۔

Read Comments