قومی اسمبلی اجلاس میں نازیبا الفاظ کے استعمال پر اسپیکر اسد قیصر کا نوٹس

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نازیبا الفاظ کے...
شائع 23 جون 2020 02:12pm

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نازیبا الفاظ کے استعمال پر اسپیکراسد قیصرنے سخت نوٹس لیتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی کا اعلان کردیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر اسد قیصر نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں نازیبا زبان استعمال کی گئی ، سر شرم سے جھک گیا ،ایک پارٹی نہیں پورے ایوان کا اسپیکرہوں ،نامناسب زبان استعمال کرنے پرایوان سے باہر اوررکنیت معطل کرسکتا ہوں ۔

اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا کہ بعض ارکان نے ایسے الفاظ کہے جس پر پورے ایوان کی توہین ہوتی ہے ، گزشتہ کئی دنوں میں پارلیمنٹرین کے ادا الفاظ پرشرم محسوس ہورہی ہے،گزشتہ روزعبدالقادر پٹیل نے بھی تقدس اور وقار کے منافی الفاظ استعمال کئے ،معاملےکی ویڈیوکا جائزہ لےکر کر کارروائی کریں گے۔

معاملے پرپیپلزپارٹی اراکین نے اسپیکر کی توجہ حکومتی اراکین کی جانب کرواتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا تو اسد قیصر نے کہا کہ حکومتی ارکان حقائق پرجواب دیں لیکن عزتوں پرحملہ نہ کریں۔

حکومت اراکین نے بھی بھی کاروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو کسی کی بھی تضحیک نہیں کرنی چاہیئے ،چور،ڈاکواورنااہل کے الفاظ ختم ہونے چاہئیں۔

حکومتی رکن رمیش کمارنے کورونا میں اکسیجن سیلینڈرنہ ملنے کا شکوہ کیا تو ریاض مزاری نے جنوبی پنجاب میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ اٹھاتےہوئے گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔

بابراعوان نے کہا کہ رولزکے مطابق تنقید کی جاسکتی ہے،لیکن کسی کی تذلیل کی اجازت نہیں ہے۔

Read Comments