پاکستان: چار بھارتی شہری دہشت گردوں کی فہرست میں شامل

پاکستان نے چار بھارتی شہریوں کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل...
شائع 25 جون 2020 10:25am

پاکستان نے چار بھارتی شہریوں کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرکے، اقوام متحدہ کو اگاہ کر دیا۔

بدھ کو ترجمان دفترخارجہ نے ملک میں بھارتی تخریبی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 2019ء میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل 1267 کی سینکشن لسٹ کے تحت وینومادیو ڈونگارا، اجے مستری، گوبندا پٹنائک اور انگارا اپا جی نامی چار بھارتی شہریوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

یہ بھارتی شہری ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار اور دیگر دہشت گرد گروہوں کو مالی، تکنیکی اور مادی مدد فراہم کرکے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی مالی اعانت، سرپرستی اور منظم کر رہے تھے۔

ترجمان نے کہا تاہم ہمیں مایوسی ہوئی جب پاکستان کی طرف سے وینومادھا ڈونگارا کو دہشت گرد قرار دینے کی تجویز پر اعتراض اٹھایا گیا۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ یو این ایس سی 1267 سینکشن کمیٹی دیگر تین بھارتی شہریوں کے ناموں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا معاملہ شفاف انداز میں زیر غورلائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ ہمارے پڑوس میں طویل تنازعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت نے پاکستان میں تخریب کاری اور بے گناہ لوگوں کو مارنے کے لیے دہشت گرد گروہوں کو تربیت، مالی اور مادی مدد فراہم کرکے پاکستان کے اندر دہشت گردی کو ہوا دی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ بھارتی شہری اب مکمل استثنیٰ کے ساتھ بھارت میں مقیم ہیں جو پاکستان کے اس مؤقف کو ثابت کرتا ہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔

Read Comments