ایس ایس پی آپریشنز پشاور عہدے سے برطرف ، تحقیقات کا حکم
پشاور:ایس ایس پی آپریشنزپشاور ظہور بابر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا،گزشتہ روز پولیس کی جانب سے شہری کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی نے ایس ایس پی آپریشنز کو عہدے سے ہٹا کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،3رکنی اعلی سطح کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈکواٹر، ڈی آئی جی آپریشن اور سی سی پی او پشاور شام ہیں، کمیٹی ایک دن کے اندر اپنی انکوائری رپورٹ آئی جی کو بھجوائے گی۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر پولیس کی جانب سے شہری پر تشدد کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں تحکال پولیس اسٹیشن کے 3اہلکار اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت کرکے شہری کو برہنہ کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہیں ۔
جس کے بعد تھانے کہ تینوں اہلکاروں اے ایس آئی ظاہر اللہ، کانسٹیبل نعیم اور کانسٹیبل توصیف کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایس ایچ او شہریار خان کو معطل کردیا گیا۔ تینوں اہلکار گرفتار ہیں۔
سی سی پی او کے مطابق ایس ایچ او ویڈیو میں نظر نہیں آرہا اس لئے اسے گرفتار نہیں کیا گیا۔
