پنجاب میں لاک ڈاؤن کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے پر غور شروع

لاہور:چیف سیکرٹری پنجاب کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا،پنجاب میں لاک...
اپ ڈیٹ 25 جون 2020 02:49pm

لاہور:چیف سیکرٹری پنجاب کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا،پنجاب میں لاک ڈاؤن کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے پر غور شروع کردیا گیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی صدارت میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں کورونا کی وباء پر قابو پانے کلئے لاک ڈاون کا دائرہ کار بڑھایا جائے،جس کیلئے صوبے بھر کے انتظامی افسران سے کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی رپورٹس طلب کرلی گئی۔

رپورٹس کی روشنی میں زیادہ کیسز والے علاقوں میں لاک ڈاون کیا جائے گا،ایس او پی پر عمل نہ کرنے والے بازاروں کو مکمل سیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سمارٹ لاک ڈاون سے کیسز اور اموات کی شرح میں کمی آئی ہے۔

لاہور میں کورونا وائرس کے باعث مزید 7علاقے سیل

دوسری جانب لاہور میں کورونا وائرس کے باعث مزید 7علاقے سیل کر دیئے گئے لیکن انتظامیہ ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کرانے میں ایک بار پھر ناکام نظر آتی ہے، سیل کئے گئے علاقوں کے مکین اور مزدور طبقہ حکومتی فیصلے سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

لاہور میں انتظامیہ سمارٹ لاک ڈائون کا دائرہ تو بتدریج بڑھاتی جا رہی ہے لیکن ایس او پی پر عمل درآمد کے حوالے سے کامیابی نہیں ہو رہی، لوگوں کی اکثریت ابھی بھی کورونا کے وجود تک کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔

شہری حکومت پر بھی کڑی تنقید کرتے نظر آتے ہیں، انکا کہنا ہے کہ حکومت کو کورونا نظر آتا ہے لیکن بیروزگار ہونے والے غریب عوام کی مشکلات نظر نہیں۔پھر سے لاک ڈاون کرنا ہی تھا تو پہلے ختم کیوں کیا۔

جوہر ٹاون،گلبرگ،گلشن راوی اور ڈیفنس سمیت سات علاقے 30جون تک سیل کردئیے گئے ہیں۔

اندرون شہر کے دروازوں پر بھی پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں، رہائشیوں کے علاوہ کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی جس کی وجہ سے باہر لوگوں کا رش لگ گیا ہے۔

Read Comments