لاہور: مزید علاقے سیل، انتظامیہ عوام کو روکنے میں ناکام
لاہور میں کورونا کے باعث مزید سات علاقے سیل کر دئے گئے ہیں لیکن انتظامیہ ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کرانے میں ایک بار پھر ناکام نظر آتی ہے۔
سیل کئے گئے علاقوں کے مکین اور مزدور طبقہ حکومتی فیصلے سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
لاہور میں انتظامیہ سمارٹ لاک ڈائون کا دائرہ تو بتدریج بڑھاتی جا رہی ہے لیکن ایس او پی پر عمل درآمد کے حوالے سے کامیابی نہیں ہو رہی۔
لوگوں کی اکثریت ابھی بھی کورونا کے وجود تک کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔
شہری حکومت پر بھی کڑی تنقید کرتے نظر آتے ہیں، انکا کہنا ہے کہ حکومت کو کورونا نظر آتا ہے لیکن بیروزگار ہونے والے غریب عوام کی مشکلات نظر نہیں۔پھر سے لاک ڈاون کرنا ہی تھا تو پہلے ختم کیوں کیا۔
جوہر ٹاون،گلبرگ،گلشن راوی اور ڈیفنس سمیت سات علاقے تیس جون تک سیل کردئیے گئے ہیں۔
اندرون شہر کے دروازوں پر بھی پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں، رہائشیوں کے علاوہ کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی جسکی وجہ سے باہر لوگوں کا رش لگ گیا ہے۔