کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ،کئی علاقوں میں 12،12گھنٹے سے بجلی غائب
کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،، کئی علاقوں میں 12،12گھنٹے سے بجلی غائب ہے، شہری کے الیکٹرک پر پھٹ پڑے، کہا فالٹ کے نام پر بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے شدید گرمی میں شہر کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
لیاقت آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، گلستان جوہر، کھارادر، کھڈا مارکیٹ لیاری، کورنگی اور لانڈھی سمیت اورنگی ٹاؤن کے علاقے لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر ہیں۔
لیاقت آباد سی ون ایریا میں 18 گھنٹے بعد بحال ہونے والی بجلی بھی رات پونے 11بجے دوبارہ غائب ہوگئی ،بجلی کی طویل بندش اور سخت گرمی کے موسم میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لوڈشیدڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی بجلی دن میں کئی بار ایک گھنٹے کیلئے بند کردی جاتی ہے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ فالٹ کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے، وقت بے وقت بجلی غائب ہوجاتی ہے اور گھنٹوں غائب رہتی ہے رات بارہ بجے کے بعد بھی بجلی نہیں ہوتی۔
لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کا کورونا کی وبا کے دوران گھروں میں رہنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ حکومت نے شہر لاک ڈاؤن کیا تھا اور شہر میں لوڈ شیڈنگ تقریباً ختم کردی گئی تھی تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی ہوتے ہی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی اور جون میں بجلی کی فراہمی میں تعطل بے پناہ بڑھ گیا ہے۔
