پاکستان میں پیٹرول کی قیمت برصغیر میں سب سے کم ہے، انوکھی منطق

کراچی: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان ...
شائع 27 جون 2020 09:10am

کراچی: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب بھی برصغیرمیں سب سےکم ہیں۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ گزشتہ ماہ عالمی منڈی خام تیل کی قیمتو ں میں خاطرخواہ اضافہ ہوا اور پاکستانی روپے کی قدر میں بھی تین روپے کی کمی ہوئی۔

عمر ایوب نے بتایا کہ ان وجوہات کی بنا پرپٹرول کی قیمت میں 31 روپے 58 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 24 روپے 31 پیسےکا اضافہ ہونا چاہیے تھا مگر حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 25 روپے 58 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 21 روپے 31 پیسے اضافہ کیا۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اگر موازنہ کیا جائے تو برصغیر کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اب بھی کم ہیں۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 25 روپے 58 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 100 روپے دس پیسے پر پہنچ گئی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے اضافے کے بعد 101 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 23 روپے 50 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوکر فی لیٹر 59 روپے 6 پیسے تک پہنچ گیا، لائٹ ڈیزل کی قیمت 17 روپے 84 پیسے اضافے کے بعد 55 روپے 98 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 26 جون کی رات 12 بجے سےہوچکا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے پرانی قیمتیں بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔ سندھ حکومت نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے وفاق پر الزام عائد کیا ہے۔

Read Comments