پاک بحریہ ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے،نیول چیف
لاہور:پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ہر طرح کے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا،نیول چیف کی آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے ان کا استقبال کیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے 49 ویں نیول اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں میری ٹائم سیکیورٹی کو درپیش مختلف چیلنجز کا ذکر کیا۔
نیول چیف نے پاک بحریہ کو خطے کی ایک مضبوط بحری قوت بنانے کیلئے جاری مختلف دفاعی منصوبوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کسی بھی محاذ میں کامیابی کیلئے عسکری طاقت کے ساتھ ساتھ ایمان کی مضبوطی اور کردار کی پختگی انتہائی ضروری ہے۔
قبل ازیں کورس کے شرکاء نے "ہندتوا آئیڈیالوجی اور انڈیا اور پاکستان کے مسلمانوں پر اس کے اثرات" کے موضوع پر ایک مقالہ بھی پیش کیا۔
