ایل این جی ریفرنس:نیب آج بھی ضمنی ریفرنس جمع کرانے میں ناکام
اسلام آباد:احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب آج بھی ضمنی ریفرنس جمع کرانے میں ناکام رہا اورعدالت سے مزید مہلت کی استدعا کردی جس پر جج اعظم خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ نیب کوآخری مہلت ہے ۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس پرسماعت کی،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس آج بھی دائرنہ کیا جاسکا،نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید 3 سے 4 ہفتے کا وقت مانگ لیا۔
احتساب عدالت نے کہاکہ ضمنی ریفرنس آئے گا توتب ہی چارج فریم کریں گے۔
شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے کیس ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 2سال تک مختلف سوال نامے دیتے رہے ہیں ،تماشہ نہ بنایا جائے جان خطرے میں ڈال کرعدالت آئے ۔
احتساب عدالت نے بھی وقت زیادہ ہونے کی حمایت کی اور کہا کہ صحیح کہہ رہے ہیں کافی وقت ہوگیا ہے۔
شیخ عمران الحق کے وکیل نے کہا کہ شیخ عمران الحق 7اگست کوگرفتارہوئے، ایک سال ہونے کوہے، ایک صفحہ بھی نہیں دیا گیا۔
عدالت نے تفتیشی افسرکی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ تفتیشی افسرکو3کے بجائے4 ہفتے کا وقت دیتے ہیں لیکن یہ آخری بارہوگا، یہ نیب کوآخری مہلت ہے۔
احتساب عدالت نے اگست کے پہلے ہفتے کیلئے دوبارہ سماعت مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کردی۔
بعدازاں سابق وزیراعظم شاہد حاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نیب نے 70 دن ریمانڈ لیا،8 ماہ کے گرفتار رہا ،ایک سوال نہ کیا ،ایک سال میں کوئی الزام نہیں لگ سکے نیب استعمال ہورہا ہے۔
