کراچی میں مون سون کی پہلی بارش 6 جولائی کو ہونے کی پیشگوئی

کراچی :محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کی پہلی بارش 6جولائی کو...
اپ ڈیٹ 03 جولائ 2020 03:22pm

کراچی :محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کی پہلی بارش 6جولائی کو ہونے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 6 سے 8 جولائی کی صبح تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے ۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا آغاز 6 جولائی کی رات سے ہوسکتا ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 6 جولائی کی صبح مون سون سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔

سردارسرفراز کےمطابق تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد اور میرپور خاص میں گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کے روز کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے38 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے ، شہر میں آج شام سے معمول کےمطابق سمندری ہوائیں چلیں گی ۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ اومان کے ساحل کی جانب بڑھ گیا۔

Read Comments