مسترد سیاستدان اپنا مستقبل بچانے میں مصروف ہیں، بزدار

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قوم کے ٹھکرائے...
شائع 03 جولائ 2020 08:22pm

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسترد شدہ سیاست دانوں کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی لوٹ مار کا حساب دیں۔ گجرات جیل میں ہنگامہ پر وارڈن سمیت 9 اہلکاروں کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دے دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے۔ پاکستان کے باشعور عوام کرپشن زدہ سیاست دانوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ عوام ان عناصر کی لوٹ مار بھولے ہیں نہ ہی ان کے کرپشن آلود چہروں کو۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلوں گا۔ ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ان کی مشاورت سے فلاح عامہ کے کام ہوں گے۔

وزیر اعلی نے گجرات جیل میں ہنگامہ آرائی پر 9 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کی فہرستیں تیار کرنے اور سپیشل برانچ کو اصل حقائق جاننے کیلئے جیل کے اندر جاکر رپورٹ تیار کرنے کا حکم بھی دیا۔ چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں کورونا ریلیف فنڈ کیلئے 9 لاکھ کا چیک پیش کیا۔

Read Comments