منی لانڈرنگ کیس :شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ...
شائع 07 جولائ 2020 02:27pm

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سائنسسز کے سربراہ کو شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا حکم دیا تھا،اللہ کے فضل سے ان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے،تاہم اینٹی باڈیز کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ کی رپورٹ غیر متحرک آئی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے عدالت کو مزید بتایا کہ شہباز شریف اتفاق اسپتال کے ڈاکٹروں کی زیر نگرانی گھر میں آئسولیٹ ہیں جبکہ ڈاکٹروں نے انہیں اینٹی باڈیز ٹیسٹ دوبارہ کروانے کا مشورہ دیا ہے ،موجودہ طبی صورتحال کے باعث ان کا عوام الناس میں جانا خطرناک ہو سکتا ہے۔

جس پر جسٹس سردار احمد نعیم نے کہا کہ وہ مچلکے جمع کرانے بھی تو آئے تھے، اب ملزم کا ٹیسٹ منفی آچکا ہے، پہلے آپ نے ٹیسٹ مثبت آنے پر ضمانت میں 3 ہفتے توسیع کی استدعا کی تھی۔

درخواست گزار نے کہا کہ شہباز شریف نے دوران حراست اوراحتساب عدالت میں پیشی کے دوران نیب حکام سے مکمل تعاون کیا، لہٰذا ان کی ذاتی حیثیت میں پیشی کو مزید ایک روز کیلئے معاف کیا جائے۔

جسٹس سردار احمد نعیم بولے کہ وہ تو انہیں عدالت بلاہی نہیں رہی بلکہ کہہ رہے ہیں کہ دلائل مکمل کرلیں۔

بعدازاں احتساب عدالت نےشہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع کر دی۔

Read Comments