پنجاب بھر میں مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے بھر میں مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دے دیتے ہوئے محکموں کو ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آٹے کے تھیلے کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے آٹے کی سپلائی اور سرکاری قیمت پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ذخیرہ اندوز مافیا کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا،مقرر کردہ قیمتوں سے زائد نرخوں پر آٹے کی فروخت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اوور چارجنگ کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ سرکاری گندم کی ریلیز کے بعد آٹا تھیلا کی سرکاری قیمت پر عوام کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کروں گا، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف انتظامی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں،محکمہ خوراک کے حکام اور انتظامی آفیسرز فیلڈ میں نکلیں اور مارکیٹوں میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
