کے الیکٹرک کے معاملے پر قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی

کے الیکٹرک کے معاملے پر قومی اسمبلی میں بھرپور ہنگامہ آرائی...
شائع 09 جولائ 2020 07:22pm

کے الیکٹرک کے معاملے پر قومی اسمبلی میں بھرپور ہنگامہ آرائی ہوئی۔

کراچی اور کے الیکٹرک ذمہ داری کس کی؟ اضافی بجلی کے باوجود غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیوں؟وزیرتوانائی عمرایوب نے بتایا کے الیکٹرک کو سو میگاواٹ بجلی معاہدے سے اضافی دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی کے مسائل کا حل اپنے ذمہ لے لیا۔ راجا پرویز اشرف نے کہا سوال گندم اور جواب چنا کا مطلب سمجھ آگیا،حکومت کے پاس صرف الزامات ہیں، مسائل کا حل نہیں، کے الیکٹرک کے معاملے پر قومی اسمبلی میں بھرپور ہنگامہ آرائی ہوئی، اسلم خان اور خواتین ارکان میں تو تو میں میں ہوئی۔ایم کیوایم ارکان نے کے الیکٹرک کے خلاف منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا۔

کے الیکٹرک کی بدترین پرفارمنس پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کے الیکٹرک کو سو میگاواٹ بجلی معاہدے سے اضافی دے رہے ہیں،

وزیرتوانائی کے اظہارخیال کے دوران پیپلزپارٹی ارکان نے شور شرابہ کیا، حکومتی رکن اسلم خان نے جواب میں جملے کسے، جس پر خواتین ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔

اسدعمر نے کہا یہ تاثردیا جارہا ہے کے الیکٹرک کی نجکاری ہم نے کی۔ ماضی کی حکومتوں نے کراچی کو نظرانداز کیا، اسد عمر نے کراچی کے مسائل کا حل اپنے ذمے لے لیا۔

اسد عمر کی تقریر کے دوران آغا رفیع اللہ نے مداخلت کی تو ڈپٹی اسپیکر نے جھاڑ پلادی۔

اسدعمر کی تنقید کے جواب میں راجاپرویز اشرف نے کہا آج سمجھ آیا سوال گندم جواب چنا کا مطلب، حکومت دو سال بعد بھی مسئلے کا حل نہیں نکال پائی۔ وزرا جان بوجھ کروزیراعظم کی بےعزتی کراتے ہیں۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ایم کیو ایم پاکستان منگل کو کے الیکٹرک کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دے گی،کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی پر جمعہ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

Read Comments